اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا اور کہا ہے کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا ڈیجیٹل بااختیاری کی جانب اہم قدم ہے، یہ ادارہ جاتی کارکردگی، شفافیت اور عوامی ضروریات کیلئے مؤثر پارلیمانی نظام کی جانب پیش رفت ہے۔افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا 1973ء میں سینیٹ کے قیام کے بعد ڈیجیٹل سفر میں نئے دور کا آغاز ہے، یہ محض موبائل ایپ کا اجرا نہیں بلکہ کام اور سوچ کے نئے انداز کی جانب پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے نئے عزم کے ساتھ سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی جاری ہے، یہ ڈیجیٹل اقدام سینیٹ اور ارکان کی کارکردگی پر دور رس مثبت اثرات مرتب کرے گا، جدید پارلیمانی ادارے کی تشکیل میں سینیٹ موبائل ایپ معاون ثابت ہوگی۔قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارلیمانی و حکومتی امور بڑی حد تک روایتی اور دستی نظام کے تحت انجام پاتے رہے، روایتی نظام میں عوامی خدمت کے بجائے انتظامی مراحل اور کارروائیوں میں خاصا وقت صرف ہوتا تھا، وہ وقت گزر گیا، اب حالات بدل چکے ہیں، ٹیکنالوجی و جدت اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا ایک تزویراتی پیش رفت ہے، ایوان بالا کو ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا، سینیٹ سیکرٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا ہے اور ای آفس نظام کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے، ڈیجیٹل تبدیلی کا مقصد وقت کی بچت، کارکردگی میں اضافہ اور غیر ضروری مراحل کا خاتمہ ہے، ڈیجیٹلائزیشن محض سہولت نہیں بلکہ ادارہ جاتی استعداد اور مؤثریت میں اضافے کا ذریعہ ہے۔قائم مقام صدر کے مطابق نظام مربوط اور بلاتعطل ہوں تو آئینی فرائض پر توجہ مرکوز کی جاسکتی ہے، پارلیمان اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے پارلیمانی سرگرمیوں کی بروقت معلومات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز عوام کو رائے اور آراء کے اظہار کے مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ذرائع غلط معلومات کے تدارک میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا ڈیجیٹل بااختیاری کی جانب اہم قدم ہے، یوسف رضا گیلانی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







