8سال تک خاتون بن کر پولیس کو چکمہ دینے والا مجرم آخر کار گرفتار

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز)ترکیہ میں پولیس نے 8 سال سے مفرور ایک مجرم کو گرفتار کرلیا، جو گرفتاری سے بچنے کے لیے خاتون کا بھیس بدل کر رہ رہا تھا اور اپنی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کرتا تھا۔ترک میڈیا کے مطابق طغرل باشار کو 2010 میں سامسون میں خود کو سرکاری عہدیدار ظاہر کرکے چوری کرنے کے جرم میں 7 سال 11 ماہ قید کی حتمی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ وہ 28 فروری 2018 سے پولیس کو مطلوب تھا۔رپورٹ کے مطابق استنبول پولیس کے مفرور افراد کے بیورو نے طغرل باشار کی تلاش شروع کی اور اس کی موجودگی ضلع کادیکوئی میں معلوم کی۔پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ طغرل باشار اپنی شناخت چھپانے کے لیے مسلسل خاتون کا بھیس اختیار کیے ہوئے تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنی بہن کا شناختی کارڈ بھی استعمال کرتا تھا۔پولیس نے نگرانی کے بعد کادیکوئی میں کارروائی کرتے ہوئے طغرل باشار کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بہن کا شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔پولیس نے سابقہ سزا کے علاوہ کسی دوسرے شخص کی شناختی معلومات استعمال کرنے کے الزام میں بھی قانونی کارروائی شروع کردی اور ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس مرکز منتقل کردیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں