وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود کا مارگلہ آرچرڈ کا دورہ

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس جناب کیپٹن (ر) محمد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی جناب کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ اے اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی سیکرٹری کو مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے، جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر مارگلہ آرچرڈ نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت، مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل سے متعلق وفاقی سیکرٹری کو آگاہ کیا۔ جناب کیپٹن (ر) محمد محمود نے اسکیم میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور بجلی، گیس اور ہارٹیکلچر سے متعلق پیش رفت کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبوں اور ہارٹیکلچر کے کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے متعلقہ افسران سے تفصیلات دریافت کیں اور ضروری ہدایات جاری کیں۔وفاقی سیکرٹری نے اسکیم میں رین واٹر چینلائزیشن کے انتظامات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور اس حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مین بلیوارڈ پر لائٹنگ کے انتظامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم میں بلاک-اے کی جون 2027 میں پوزیشن/قبضہ دینے کے حوالے سے بھی پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔ وفاقی سیکرٹری نے منصوبے کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے اور تمام متعلقہ سہولیات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کام کو بھی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم ایک اہم رہائشی منصوبہ ہے، اس لیے اس کے ترقیاتی کاموں میں معیار، رفتار اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام ترقیاتی اور انفراسٹرکچر سے متعلق امور کو باہمی رابطے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ الاٹیز کو بروقت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور منصوبے کی مقررہ اہداف کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ دورے کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری نے منصوبے پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار کو برقرار رکھنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں