خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، قائم مقام چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(نمائندہ۔شہرنامہ) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ڈی ایچ اے فیز ٹو، اسلام آباد میں 2WINSY کیفے کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر خواتین کی جانب سے کاروباری میدان میں قدم رکھنا ایک حوصلہ افزا اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 سال کی عمر میں کاروبار شروع کرنے والی نوجوان بچیاں نہ صرف اپنے مستقبل کو محفوظ بنا رہی ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا حقیقی معنوں میں ویمن ایمپاورمنٹ ہے، جبکہ تعلیم اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ خواتین مستقبل کی بہتر نسل کی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے 2WINSY کیفے قائم کرنے والی جڑواں بہنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے والدین، بہن بھائیوں اور احباب کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے انہیں آگے بڑھنے اور اپنے نام بنانے کے لیے حوصلہ دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2WINSY کیفے مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور اس کی متعدد شاخیں قائم ہوں گی۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اگر خواتین اسی جذبے کے ساتھ معاشی اور سماجی میدان میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں تو پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے چھوٹے کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کو ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے اہم قرار دیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں