لیلیٰ کی ماضی کی پرفارمنسز پر ندامت، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل

لاہور(شہرنامہ نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ نےماضی میں کی گئی اپنی بولڈ پرفارمنسز پر ندامت کا اظہارکرتے ہوئےکہا ہےکہ انہوں نے وہ تمام کام چھوڑ دیے ہیں جو ان کے دینی عقائد اور اللہ کی مرضی کے خلاف تھے۔ حال ہی میں ایک رئیلٹی شو میں گفتگوکرتے ہوئے اداکارہ لیلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے انہوں نے اپنے رب سے کچھ وعدے کیے ہیں،کیونکہ انہیں احساس ہوا کہ ان کی زندگی میں بعض ایسے کام شامل تھے جو اللہ کو ناپسند ہیں۔اداکارہ کاکہنا تھا کہ انہوں نےایسے تمام کام ہمیشہ کے لیے اپنی زندگی سے ختم کردیے ہیں اور اب وہ اپنے ماضی سے آگے بڑھنا چاہتی ہیں۔ لیلیٰ نے کہا کہ وہ رئیلٹی شو جیتنے کے لیے دعا کر رہی ہیں کیونکہ انعامی رقم سے وہ اپنا گھر اور ایک بڑی گاڑی خریدنے کا خواب پورا کرنا چاہتی ہیں۔ لیلیٰ کی گفتگو نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔ کچھ لوگوں نے ان کے ماضی پر بات کرنے کے بجائے موجودہ سوچ اور تبدیلی کو سراہا، جبکہ بعض صارفین نے ان کے بیانات پر تنقید بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ لیلیٰ کی گفتگو بناوٹی محسوس نہیں ہوتی اور دعا کی کہ اللہ ان کی دعائیں قبول کرے۔ایک اور صارف نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں لیلیٰ رئیلٹی شو جیتیں گی کیونکہ انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار خلوص کے ساتھ کیا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں