احد رضا میر ’نیم ریٹائرمنٹ‘ پر کیوں جا رہے ہیں؟ اداکار کا اہم اعلان

لاہور(شہرنامہ نیوز) پاکستانی اداکار احد رضا میر نے شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے فیصلے سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں۔احد رضا میر کے ایک لائیو سیشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں اداکار نے بتایا کہ وہ اگلے سال شوبز سے وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے احد رضا میر نے کہا کہ وہ اگلے سال چھٹی لے رہے ہیں اور انہوں نے اپنے اس فیصلے کے بارے میں مداحوں کو پہلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اس کے لیے تیار رہیں۔اداکار کے مطابق وہ اس دوران مکمل طور پر منظر سے غائب ہوجائیں گے، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور انسٹاگرام سے بھی دور رہیں گے، انہوں نے اپنے اس فیصلے کو ’نیم ریٹائرمنٹ‘ قرار دیا۔احد رضا میر کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، بعض مداحوں کا خیال ہے کہ شاید اداکار شادی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین کے مطابق گزشتہ دو برس سے مسلسل کام کرنے کے بعد وہ ایک وقفہ لینا چاہتے ہیں۔کچھ مداحوں نے امید ظاہر کی کہ احد رضا میر وقفے کے بعد دوبارہ شوبز میں واپس آئیں گے، جبکہ بعض نے ان کی مختلف اداکاراؤں کے ساتھ مستقبل کی سکرین جوڑیوں سے متعلق بھی تبصرے کیے۔واضح رہے کہ احد رضا میر کا شمار پاکستان کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ یقین کا سفر، عہدِ وفا، یہ دل میرا، میم سے محبت اور ہم تم سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔اداکار نے حال ہی میں گرین ٹی وی کے ڈرامے ایک محبت اور میں ہارون ملک کا کردار ادا کیا، جسے ناظرین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی ملی۔ وہ ان دنوں یمنیٰ زیدی کے ساتھ اپنے نئے ڈرامے ’کیفِ فراق‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔احد رضا میر کی جانب سے شوبز سے وقفہ لینے کی حتمی مدت اور اس فیصلے کی دیگر وجوہات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں