دہلی(شہرنامہ نیوز)بھارت کے تجربہ کار بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سمیت ہر طرز کی پیشہ ورانہ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک اب کھیل کو خیرباد کہنے کا یہی درست وقت ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں اجنکیا رہانے نے کہا کہ وہ ہمیشہ بیٹنگ میں درست وقت کی اہمیت پر یقین رکھتے تھے اور اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کا بھی یہی بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومبیولی سے ایک نوجوان کھلاڑی کی حیثیت سے سفر شروع کیا، ہر دن صرف ایک خواب دیکھا کہ بھارت کی نمائندگی کرنی ہے اور ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ گزشتہ دو دہائیوں میں غیر معمولی ترقی کر چکی ہے اور وہ اس سفر کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ بطور بھارتی کرکٹر ان کا باب بند ہو رہا ہے، تاہم کرکٹ سے ان کا رشتہ ختم نہیں ہوگا بلکہ وہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے اور اپنے تجربات نئی نسل تک منتقل کریں گے۔ اجنکیا رہانے نے اپنے پیغام میں بھارتی کرکٹ بورڈ، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، آئی پی ایل فرنچائزز، اہل خانہ اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شائقین کی محبت اور حمایت ہمیشہ ان کے لیے سب سے بڑی طاقت رہی۔رہانے اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں وہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو بھی آئندہ سیزن کے لیے نئے کپتان کی تلاش کرنا ہوگی۔
اجنکیا رہانے نے ہر طرز کی پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







