اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری برادری کے روابط مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکن بزنس کونسل کے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے، معاشی روابط بڑھانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قومی اسمبلی کے آئینی و قانون ساز کردار اور قانون سازی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان نہ صرف قانون سازی اور عوامی نمائندگی کا اہم ادارہ ہے بلکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں، معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار قانونی و پالیسی ماحول کی تشکیل میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، بنیادی ڈھانچے، معدنیات اور دیگر اہم شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، نوجوان افرادی قوت، قدرتی وسائل اور ابھرتی ہوئی معاشی صلاحیت امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ دونوں ممالک کی کاروباری برادری ان امکانات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے کاروباری برادری کی سہولت، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، کاروباری آسانیاں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باقاعدہ رابطوں، کاروباری وفود کے تبادلوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری اور کاروباری اشتراک میں اضافے سے نہ صرف دونوں ممالک کے معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں وسیع مواقع ہیں، ایاز صادق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






