مذاکرات کی پیشکش برائے نام ، کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر ہماری بات نہیں مانی گئی تو لانگ مارچ روکنے کا کوئی جواز نہیں، مذاکرات کی پیشکش برائے نام ہے مذاکرات صرف پیشکش کی حد تک ہیں کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔یہ بات انہوں ںے راولپنڈی اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے کے قریب سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ گفتگو میں کہی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ جو مذاکرات کی پیشکش ہوتی ہیں برائے نام ہیں مذاکرات صرف پیشکش کی حد تک ہیں کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا جاتا، ایک سال سے ملاقات بند ہے، گزشتہ سال اکتوبر میں ہماری ملاقات ہوئی تھی، ہم ہمیشہ ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہماری نیک نیتی کے باوجود ہمیں اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جارہا بانی کی بہنیں غیر سیاسی ہیں اور ان کو حراست میں لے لیا گیا آج اڈیالہ آئے تو بتایا گیا کہ بانی کے کزن قاسم زمان کو حراست میں لے لیا جب کہ قاسم خان غیر سیاسی ہے اس نے کبھی کوئی سیاسی بیان نہیں دیا، قاسم زمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز، ایم پی ایز اٹھائے گئے گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ہم نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے مگر حکومت نے فراغ دلی اور سنجیدگی نہیں دکھائی، ہم نے جو مطالبات رکھے ان میں کوئی غیر قانونی مطالبہ نہیں تھا، دہشت گردی پر ہمارا واضح موقف ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں ںے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، صوبائی اسمبلی نے دہشت گردی سے متعلق ایک متفقہ قرارداد منظور کی، دہشت گردی کے اوپر پریس کانفرنس اور ٹویٹ نہیں ہونی چاہیے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلالیں، ایپکس کمیٹی میں کورکمانڈر بھی شریک ہوتے ہیں، کور کمانڈر ہمارے اور ہم سب کے کور کمانڈر ہیں۔انہوں ںے کہا کہ اگر ہماری بات نہیں مانی تو لانگ مارچ روکنے کا کوئی جواز نہیں، ایمرجنسی یا گورنر رول نافذ کرنے سے نفرتیں مزید بڑھیں گی، مذاکرات ایک مسلسل عمل ہے اس کے لیے کوئی ٹائم نہیں ہوتا،ہم مذاکرات کے دوران کسی سے ڈیکٹیشن نہیں لیتے رہے، مذاکرات کی ناکامی کا ملبہ وزیراعلی کے پی پر ڈالنا بالکل غلط ہے، مذاکرات کے ایک دو اور راؤنڈ ہوتے تو معاملہ کہیں پہنچ جاتا مگر مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملبہ ایک دوسرے پر نہ ڈالا جائے۔

خبر پر اپنی رائے دیں