سڈنی(شہرنامہ نیوز)کسی بھی گھر میں کھٹمل کا نظارہ بھیانک خواب سے کم نہیں ہوتا۔بیڈ اور فرنیچر میں چھپ جانے والے یہ کیڑے انسانوں کے خون کو پینا پسند کرتے ہیں۔جب یہ کسی گھر میں داخل ہو جائیں تو ان کا مکمل خاتمہ بہت مشکل ہوتا ہے، مگر کیا آپ کسی طیارے کے اندر کھٹملوں کی موجودگی کے بارے میں سوچ سکتے ہیں؟ایسا تجربہ آسٹریلیا کی فضائی کمپنی قنطاس کی روم سے پرتھ جانے والی پرواز کے مسافروں کو ہوا۔یہ مسافر 9 اکتوبر کو بوئنگ 787 ڈریم لائنر سے اطالوی دارالحکومت روم سے آسٹریلیا کے شہر پرتھ جا رہے تھے جب اکانومی سیکشن میں کھٹملوں کو دریافت کیا گیا۔ان کیڑوں کی دریافت نے طیارے کو واپس روم جانے پر مجبور کر دیا ۔اطالوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طیارے کو اٹلی کے دارالحکومت پہنچنے کے بعد صفائی کے لیے لے جایا گیا جبکہ 10 اکتوبر کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔قنطاس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پرواز کی منسوخی سے عملے کو طیارے کی مکمل صفائی میں مدد ملی تاکہ کھٹملوں کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔کمپنی کی جانب سے مسافروں سے معذرت بھی کی گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کو رہائش اور متبادل پروازوں کی پیشکش کی گئی۔ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ کھٹمل آخر طیارے پر کیسے پہنچ گئے، مگر ممکنہ طور پر وہ کسی مسافر کے سامان یا کپڑوں کے ذریعے وہاں پہنچے تھے۔
روم سے پرتھ کی پرواز کھٹملوں کے نام، مسافر واپس روم پہنچ گئے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






