پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

کوروجی(شہرنامہ نیوز)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے تیسرے پوزیشن کے میچ میں بنگلا دیش کے خلاف 31 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔کوروجی اسپورٹس پارک نیشن میں کھیلے گئے برونز میڈل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر گل فیروزہ نے 31 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 45 رنز اسکور کئے۔بنگلا دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور رتو مونی نے 2 ، 2 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ سنجیدہ اختر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔بنگلادیشی ٹیم 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاطمہ ثنا اور تسمیہ رباب، نشرا سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ویمنز ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ایشین گیمز 2026 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔ پاکستان اس سے قبل سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کھا کر گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا، جس کے بعد اسے برونز میڈل کے میچ میں بنگلا دیش کا سامنا کرنا پڑا۔ایونٹ میں گولڈ میڈل کی دوڑ کے لیے آج سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں