بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر، علاج کے لیے ہسپتال منتقلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل ملاقات کے بعد بڑی پیش رفت سامنے آگئی، بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے، طبی اور سرجری کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں، ضروری نگہداشت و علاج کی غرض سے فوری طور پر کسی مستند سپیشلائزڈ ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔درخواست گزار کے مطابق 10 نومبر کی ملاقات میں بانی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق بتایا، بشری بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھ کی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا، بشری بی بی کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا تھا، بشری بی بی کو آنکھ میں تکلیف کا بھی سامنا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آنکھوں میں تکلیف میں شکایت کے سات سے آٹھ دن بعد جیل میں ڈاکٹر نے طبی معائنہ کیا، بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کی کرٹیکل سرجری ہوگی، بشریٰ بی بی کو بتایا گیا کہ سرجری سے آنکھ کی بینائی جا سکتی ہے۔درخواست کے ساتھ 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی بائیں اور دائیں آنکھ میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے، جیل حکام کے مطابق ان کا آپریشن 15 نومبر 2026 کو متوقع ہے، بشریٰ بی بی نے ملاقات کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہے اور عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں، عینک کے ساتھ بھی سامنے بیٹھے افراد کو صرف ایک سیاہ شکل کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں