اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فوری طور پر ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم مشیروں اور سینئر حکومتی ارکان کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے مجوزہ مارچ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے ممکنہ آپشنز پر بھی غور کیا گیا، تاہم فی الحال کسی اقدام کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے آنے والے چند روز میں پی ٹی آئی کے طرزِعمل کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ آیا پی ٹی آئی 4 اکتوبر کا مارچ منسوخ کرتی ہے اور اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لاتی ہے یا نہیں۔ حکومت کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی کے ساتھ بعض معاملات سیاسی اور انتظامی سطح پر حل کرنے کی گنجائش بھی زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ منسوخ ہونے کی صورت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان تک بہتر رسائی، طبی ضرورت کے مطابق علاج یا اسپتال منتقلی اور وکلا، اہل خانہ و قریبی رشتہ داروں سے ملاقاتوں سے متعلق معاملات پر بھی پیش رفت ممکن ہے
وفاق کا خیبرپختونخوا میں فی الحال ایمرجنسی یا گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







