پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز، انگلینڈ نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا،جوروٹ کپتان مقرر

انگلینڈ(شہرنامہ نیوز)انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 مقابلوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کے بعد جو روٹ مستقل ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 19 اگست سے شروع ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 میچوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔اسکواڈ میں ڈین لارنس، اولی پوپ اور سام کک کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ نوجوان بیٹر جورڈن کاکس کو بھی دوبارہ شامل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ موقع انہیں جیکب بیتھل کی انجری کے باعث ملا ہے، جو گھٹنے کی تکلیف کے باعث پوری پاکستان سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ کے سلیکٹر مارکس نارتھ نے کہا کہ پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف تجربے اور نوجوان صلاحیتوں کے درمیان متوازن اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔ ڈین لارنس چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، جبکہ ان کی آف اسپن بولنگ ٹیم کو اضافی آپشن فراہم کرے گی، جس سے انگلینڈ کو چار فرنٹ لائن فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اسکواڈ میں اسپنر شعیب بشیر کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولرز میں جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، میتھیو فشر، اولی رابنسن، برائیڈن کارس اور سام کک شامل ہیں۔ برائیڈن کارس بھی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے دورے کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا تھا۔ پاکستان کی 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان) ، عامر جمال، عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی، جسے دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں