پشاور(شہرنامہ نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا ہےکہ مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پربریفنگ دی گئی جب کہ اس دوران فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینےاور ملک میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کےلیے پرعزم ہیں۔چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جبکہ عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پرکور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






