وزیراعظم وعدہ پورا کریں، ورنہ ملتان سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کریں گے، حافظ نعیم

کراچی(شہرنامہ نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ فیول ریلیف پیکیج حل نہیں، حل صرف لیوی کا خاتمہ ہے، وزیر اعظم اپنا وعدہ پورا کریں ورنہ ہم دوبارہ ملتان سے لانگ مارچ شروع کردیں گے، سات اکتوبر کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ وطن واپسی پر اس معاملے کو دیکھیں گے جس کے بعد ہم نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم اپنا وعدہ پورا کریں ورنہ ہم دوبارہ ملتان سے لانگ مارچ شروع کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف پیکیج کو زبردست قرار دے رہی ہے، ریلیف بھی سب کو نہیں مل پارہا، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ریلیف دینے کے موڈ میں نہیں تھی، احتجاج اور دھرنے شروع ہوئے تو حکومت اس جانب آئی، اپوزیشن پارٹیاں عوامی حقوق کی بات نہیں کررہیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والوں کے لئے کوئی ریلیف نہیں، لیوی کا خاتمہ اصل ریلیف ہے، ہم نے پوائنٹس بھی بتائے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا حکومت کا پیٹرول پر ریلیف پیکج کوئی احسان نہیں ہے، حکومت کو پریشرمیں آکریہ پیکج دینا پڑا، 40 لاکھ موٹر سائیکلز ہیں، پیکج سب کو نہیں مل رہا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس مسئلے کا حل صرف لیوی کا خاتمہ ہے، پیٹرولیم کے مسئلے پر سب خاموش کیوں ہیں، امیروں کے لیے الگ نظام بنا لیں یہ چکر نہیں چلےگا، 7 اکتوبر کے بعد اگلے مرحلے کا اعلان کر رہے ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں