قیمتی پتھروں کی صنعت کا ملکی معیشت میں اہم کردار ، ہارون اختر

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (APO) کے قیمتی پتھروں کے شعبے سے متعلق وفد نے ملاقات کی، جس میں جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن، فنی مہارتوں کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کی جیم اسٹونز انڈسٹری کو ترقی دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔ وفد میں ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر، تھائی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جیم اسٹونز اور سری لنکا کے قیمتی پتھروں کے ایک ماہر شامل تھے۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور قیمتی پتھروں کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔ بالخصوص گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے تو یہ روزگار، صنعتی ترقی اور زرمبادلہ کے حصول کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور ہدایات کے تحت حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی وسیع برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد اس شعبے کو محض قدرتی وسائل کے حصول تک محدود رکھنے کے بجائے ایک منظم، ٹیکنالوجی پر مبنی اور عالمی سطح پر مسابقتی صنعت میں تبدیل کرنا ہے۔ویلیو ایڈیشن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کو خام قیمتی پتھروں کی برآمد سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کے اندر کٹنگ، فنشنگ، پالشنگ، جیولری ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید پروسیسنگ تکنیک، ہنرمند کاریگروں اور بین الاقوامی معیار کے ذریعے ہی قیمتی پتھروں کی حقیقی معاشی قدر حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ قومی جیم اسٹونز پالیسی کا مقصد پاکستان کی قدرتی معدنی دولت کو معاشی قدر میں تبدیل کرنا، مقامی صنعت کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ اس پالیسی کے تحت کان کنی اور پروسیسنگ سے لے کر سرٹیفکیشن، ڈیزائننگ، مارکیٹنگ اور برآمدات تک جیم اسٹونز کی مکمل ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
مشیرِ وزیراعظم نے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور قیمتی وسائل کے ضیاع میں کمی کے لیے جدید مشینری، بہتر کان کنی کے طریقوں اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ پروسیسنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی قیمتی پتھروں کی ساکھ اور عالمی منڈیوں میں قبولیت بہتر بنانے کے لیے ان کی درست شناخت، درجہ بندی، سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی معیار کی تسلیم شدہ لیبارٹریز کی اہمیت بھی اجاگر کی۔بین الاقوامی مہارتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اپنی جیم اسٹونز انڈسٹری کی ترقی کے لیے تھائی لینڈ اور سری لنکا کے تجربات سے نمایاں استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ نے قیمتی پتھروں کی کٹنگ، پالشنگ، پروسیسنگ اور جیولری مینوفیکچرنگ میں قابلِ ذکر مہارت حاصل کی ہے، جبکہ سری لنکا کا قیمتی پتھروں کی شناخت، تراش خراش، پالشنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا تجربہ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں