لندن(شہرنامہ نیوز)جین تھراپی اور مصنوعی ذہانت میں پیش رفت نے انسانی عمر میں غیر معمولی اضافے کے امکانات کو پہلے سے کہیں زیادہ روشن کر دیا۔ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین اور بائیو ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ایسی طبی تحقیقات جاری ہیں جن کا مقصد مستقبل میں انسانوں کو زیادہ طویل اور صحت مند زندگی فراہم کرنا ہے۔ہارورڈ کے محقق ڈیوڈ سنکلیئر کی جانب سے بنیاد رکھی گئی کمپنی لائف بائیو سائنسز نے جزوی خلیاتی ری پروگرامنگ پر مبنی تھراپی کا پہلا انسانی کلینیکل ٹرائل شروع کیا ہے۔اس طریقۂ علاج میں ڈاکٹروں کی جانب سے گلوکوما اور اعصابی نقصان کے شکار مریضوں کی آنکھوں میں ’یاماناکا فیکٹرز‘ پر مبنی جینز داخل کیے جاتے ہیں، جس کا مقصد خلیوں کو مکمل طور پر اسٹیم سیلز میں تبدیل کیے بغیر ان کی حیاتیاتی عمر کو دوبارہ ترتیب دینا ہے۔ ابتدائی حفاظتی نتائج 2026ء کے آخر یا 2027ء کے اوائل تک سامنے آنے کی توقع ہے۔ڈیوڈ سنکلیئر کا کہنا ہے کہ 150 سال کی عمر تک پہنچنے والا پہلا انسان شاید پہلے ہی دنیا میں موجود ہو جبکہ مستقبل میں انسانی عمر کو دگنا کرنا ممکن ہو سکتا ہے۔ہارورڈ کے ایک اور معروف جینیاتی ماہر جارج چرچ کا کہنا ہے کہ انسانیت شاید پہلے ہی ’لونگیویٹی اسکیپ ویلاسٹی‘ یعنی طویل عمری کی رفتارِ فرار کی اس سطح کے قریب پہنچ چکی ہے جہاں سائنس ہر گزرتے سال کے مقابلے میں ایک سال سے زیادہ صحت مند زندگی کا اضافہ کرنے کے قابل ہو جاتی ہے۔مصنوعی ذہانت بھی اس شعبے میں تحقیق کی رفتار تیز کر رہی ہے، جس کے ذریعے جینز کو جسم تک پہنچانے کے زیادہ محفوظ طریقے اور ری پروگرامنگ پروٹینز کے بہتر ورژن تیار کیے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ جانوروں پر کیے جانے والے تجربات میں نتائج مزید نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ ایک کمپنی نے رپورٹ کیا ہے کہ ’سینولائٹک امیونو تھراپی‘ اور مریض کے مطابق تیار کردہ اسٹیم سیلز کے امتزاج سے عمر رسیدہ چوہوں کی عمر دگنی ہو گئی اور اس دوران ان کی صحت بھی بہتر رہی، دیگر تحقیقی ٹیموں نے ریپامائسن اور نئے مرکبات سمیت مختلف ادویات کے امتزاج سے چوہوں کی عمر میں 30 فیصد یا اس سے زیادہ اضافہ کیا ہے۔
انسانی عمر 150 سال تک؟ جین تھراپی اور اے آئی نے نئی امید جگا دی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






