عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم پر آج ہی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آج ہی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل ہیں، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کردی گئی، اسپتال کے قریب روڈ کنارے پارک گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے ہٹادیا گیا۔ ادھر اسپتال ذرائع نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے خصوصی اقدامات کرلیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا ایمرجنسی میں چیک اپ کیا جائے گا، 6 ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرے گی جس کے بعد عمران خان کو ایڈمٹ کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا، ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات مکمل کرلیے گئے۔ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے، یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں