تہران (شہرنامہ نیوز)ایران نے امریکا اور اسرائیل کو اہم انفراسٹرکچر پر ممکنہ حملوں کے حوالے سے سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ جارحیت کرکے بچ نکلنے کا دور ختم ہوچکا ہے اور غلط اندازوں پر مبنی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو اندازہ ہوچکا ہے کہ ان کے فوجی سامان میں کفن بھی شامل ہونا چاہیے جبکہ ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے پاس نہ صرف بھرپور صلاحیت بلکہ واضح ارادہ اور جامع منصوبہ بھی موجود ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر نئے حملوں کا حکم دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور حملے اس ہفتے میں کسی بھی وقت کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو میں ایران پر وعدوں سے پھرنے اور غلط بیانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے امکانات پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔
کسی بھی حملے کی قیمت امریکا اور اسرائیل کو چکانا ہوگی،ایران کی سخت وارننگ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







