آزاد کشمیر میں انتخابی عمل شروع، 17 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات:چیف سیکرٹری

مظفرآباد(شہرنامہ نیوز)چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز اج سے ہو گیا مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ میٹریل تمام ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں نے انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت انتخابی ماحول اپنے عروج پر ہے، مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز، بینرز، پوسٹرز اور سیاسی جماعتوں کے پرچم نمایاں ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد کشمیر میں موجود ہے۔چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے 17 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ چاروں صوبوں کی پولیس بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی تاکہ ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمیشہ پرامن انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کیا گیا ہے اور یہاں ووٹر ٹرن آؤٹ بھی ماضی میں ہمیشہ بلند رہا ہے۔انہوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ اس بار بھی عوام بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں