سڈنی(شہرنامہ نیوز)آسٹریلیا کے سب سے تجربہ کار اور کامیاب ڈومیسٹک کرکٹر موئسس ہینرکس نے سڈنی سکسرز اور نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) کی جانب سے آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔39 سالہ آل راؤنڈر موئسس ہینرکس اب اپنی جائے پیدائش پرتگال کے لیے ایسوسی ایٹ کرکٹ کھیلیں گے جہاں وہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کے اہل ہو چکے ہیں۔ موئسس ہینرکس نے مارچ 2025 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی،انہوں نے اپنے 15 سالہ بی بی ایل کیریئر میں ریکارڈ 154 میچز کھیلے اور وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے 4 ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور 24 ٹی ٹونٹی میچز میں بھی نمائندگی کی جبکہ سڈنی سکسرز کو اپنی قیادت میں تین بار بی بی ایل چیمپئن بنوایا۔ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہینرکس کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 22 سالوں سے بطور پیشہ ور کھلاڑی کرکٹ کھیلنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں اور اب وہ زندگی کے اگلے باب کی طرف بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز اور بگ بیش لیگ کے حکام نے ان کی شاندار خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کی ایک انتہائی بااثر شخصیت قرار دیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ کو بڑا جھٹکا، موئسس ہینرکس ڈومیسٹک کرکٹ سے الگ ہوگئے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







