معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر چل بسے، فلمی دنیا سوگوار

ممبئی(شہرنامہ نیوز)بالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلمساز نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر جمعرات کو گوا میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث بے ہوش ہوئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم ’گمن‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور کئی سالوں تک بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے۔انہوں نے ’کرانتی ویر‘، ’پرندہ‘، ’ویلکم‘ اور ’اب تک چھپن‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہیں تین نیشنل فلم ایوارڈز اور 2013 میں پدم شری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
منی پال اسپتال کے ڈاکٹر شیکھر سالکر نے بتایا کہ نانا پاٹیکر نے رات ڈھائی بجے اپنے دوست کو طبیعت خراب ہونے کا پیغام بھیجا، تاہم رات ہونے کے باعث دوست پیغام نہ دیکھ سکے۔ڈاکٹر کے مطابق دوست صبح تقریباً 4 بجے ان کے گھر پہنچے تو اداکار کو پسینہ آرہا تھا اور وہ آہستہ آہستہ بے ہوش ہو رہے تھے۔ انہیں صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 45 منٹ سے ایک گھنٹے تک جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ڈاکٹر نے بتایا کہ موت کی وجوہات جانچنے کیلئے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دی گئی۔

خبر پر اپنی رائے دیں