پاکستان اور مالدیپ کا تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو 2 سال میں 13 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہوا ہے، مصنوعی ذہانت، دفاع، صحت، تجارت، تعلیم اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کی 20 مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے شرکت کی، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط بھی کر دیئے۔پاکستان اور مالدیپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ منشیات، سماجی تحفظ اور طبی شعبے میں اشتراکِ عمل کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون جبکہ طبی ماہرین کی بھرتی کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور بحری سلامتی کے حوالے سے باہمی اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور مالدیپ نے زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا، تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور مالدیپ کی اسٹیٹ ٹریڈنگ آرگنائزیشن کے درمیان تجارتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت بھی شامل ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور مالدیپ کی وزارتِ تعلیم کے درمیان اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، اس کے علاوہ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور مالدیپ پولیس سروس کے نیشنل کالج آف پالیسی اینڈ لاء انفورسمنٹ، جبکہ دونوں ممالک کے سول سروس کمیشنز کے درمیان بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں ممالک نے سیاحتی شعبے میں تعاون بڑھانے، فنونِ لطیفہ، ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ و فروغ اور فضائی روابط بہتر بنانے کیلئے بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔بعدازاں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مالدیپ کے صدر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہو چکے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صدر مالدیپ کے ساتھ تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی، ملاقات میں اقتصادی تعاون، تجارت، تعلیم، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے طلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی اداروں میں زیر تعلیم ہے، پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہے، برادر ملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزید ضروریات کو بھی پورا کر کے خوشی ہوگی۔

خبر پر اپنی رائے دیں