اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، اسپتال حکام نے تصدیق کردی۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ایئرکنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے باعث بھڑکی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، تاہم ایک لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچانے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 14 بچے جان کی بازی ہار گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ ایم سی ایچ وارڈ کی تیسری منزل پر لگی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا، جبکہ بیشتر بچے شدید جھلسنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔ بعد ازاں انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، تاہم تحقیقات کے بعد اصل وجوہات سامنے آئیں گی، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ ترجمان پمز اسپتال کے مطابق تمام بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دیں گئی ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسکا نوٹس لے لیا اور حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایات دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ایسی صورتحال ناقابلِ تلافی ہے۔ واقعہ کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ذمہ دران کا تعین کیا جاۓ اور سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہباز شریف نے معصوم بچوں کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کیا۔ انہون نے کہا کہ اس اندوہ ناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے والدین کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ المناک اموات انتہائی دلخراش اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، صدر آصف علی زرداری نے واقعے کی شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ صدرِ مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت کے لیے مؤثر فائر سیفٹی سسٹم اور ہنگامی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







