پمز آتشزدگی سانحہ، سیاسی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی سے 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر مختلف سیاسی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے .مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ 14 معصوم بچوں کی آتشزدگی کے المناک واقعے میں جانوں کے ضیاع کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پمز اسپتال میں معصوم جانوں کا یہ نقصان پوری قوم کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معصوم بچے محض اعداد نہیں تھے بلکہ غمزدہ خاندانوں کی امیدیں، خواب اور دعائیں تھے، نومولود بچے کی جدائی ایسا زخم ہے جس کا مداوا کوئی لفظ نہیں کر سکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور قوم کو بتایا جائے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ایسا المناک سانحہ کیسے پیش آیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غفلت یا کمزور مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکامی کے ذمہ دار افراد کا احتساب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ اپنے زیرانتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے پمز اسپتال کی گائنی وارڈ میں بچوں کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ پمز میں نرسری کے آتشزدگی کے واقعے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے انا للہ و انا الیہ راجعون پڑھتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔علی محمد خان نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ آتشزدگی کے اس افسوسناک واقعے کے تمام حقائق سامنے آسکیں۔ انہوں نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیا۔
، فواد چوہدری نے وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پمز اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے میں بچوں کی ہلاکت پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت کو بچوں کی جانوں کے ضیاع کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے اور افسوسناک واقعے کی ذمہ دار انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، محض معطلی اور تبادلہ کافی سزا نہیں ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک واقعے پر وفاقی وزیر صحت کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا، ذمہ داران کا احتساب ضروری ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے پمز نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایسے واقعات کے ذمہ داروں کا احتساب شاذ و نادر ہی ہوتا ہے، ماضی کے ٹرین حادثات اس کی مثال ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ پمز اور چلڈرن اسپتال مبینہ طور پر شدید غفلت اور بدانتظامی کا شکار ہیں، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ ماضی میں Friends of Children’s Hospital کے نام سے ایک انتہائی فعال گروپ موجود تھا، جس نے حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے میں مدد کی۔ تاہم انہیں معلوم نہیں کہ یہ گروپ اب بھی فعال ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پمز نرسری میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی ہولناک ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اسپتالوں میں انتظامی اور حفاظتی نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے فوری احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پمز میں آتشزدگی کے باعث نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع ایسا درد ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، یہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے واقعے کو محض غفلت سے بڑھ کر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک اور ناقابلِ معافی ہے، ذمہ داران کا فوری احتساب ہونا چاہیے۔ شرمیلا فاروقی نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں کسی صورت جواب دہی سے بچنے نہ دیا جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ بچوں کو کھونے والے والدین کا غم الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ اور ناقابلِ برداشت ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے ایسے دلخراش واقعے کو محض حادثہ قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سوال یہ ہے کہ نومولود بچوں کی حفاظت کے لیے مقررہ حفاظتی انتظامات کہاں تھے؟ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو ذمہ داروں کو جواب دہی سے مستثنیٰ نہیں ہونا چاہیے۔ نومولود بچوں کے ضیاع کا کوئی ازالہ ممکن نہیں، تاہم ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر احتساب ناگزیر ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں