آکسفورڈ(شہرنامہ نیوز) سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ صنعتی پیمانے پر مرغی پالنے کے نظام نے فوڈ پوائزننگ کا باعث بننے والے بیکٹیریا کے پھیلاؤ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے، جس سے انسانی صحت کے لیے نئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے آئی نیوس آکسفورڈ انسٹی ٹیوٹ کے محققین کی تحقیق کے مطابق بڑے پیمانے پر مرغی فارموں کے پھیلاؤ نے کیمپائلوبیکٹر نامی بیکٹیریا کو تیزی سے بڑھنے اور نئی خصوصیات حاصل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔ کیمپائلوبیکٹر دنیا بھر میں دست اور غذائی زہریلے پن (فوڈ پوائزننگ) کی سب سے عام بیکٹیریائی وجہ سمجھا جاتا ہے۔ برطانیہ میں یہ جراثیم ہر سال دیگر تمام نگرانی میں شامل غذائی بیکٹیریا کے مجموعی کیسز کے مقابلے میں تقریباً ساڑھے تین گنا زیادہ معدے کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ تحقیق کے مطابق گزشتہ چند دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں مرغی پالنے کی صنعت میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا۔ 1960 کی دہائی سے اب تک دنیا میں مرغیوں کی تعداد تقریباً 7 گنا بڑھ کر 3100 کروڑ (31 ارب) تک پہنچ چکی ہے، جس نے جنگلی پرندوں سے آنے والے بیکٹیریا کو مرغیوں کی آبادی میں پھیلنے کے مواقع فراہم کیے۔ سائنس دانوں نے 1979 سے 2024 کے دوران 30 ممالک، جن میں برطانیہ اور امریکا بھی شامل ہیں، سے حاصل کیے گئے مرغیوں اور جنگلی پرندوں کے تقریباً 2800 بیکٹیریائی جینومز کا تجزیہ کیا۔ جینیاتی تجزیے کے دوران محققین نے کیمپائلوبیکٹر میں ایسی تبدیلیاں دریافت کیں جو ماحول میں آنے والی تبدیلیوں سے براہ راست وابستہ تھیں۔ ان میں اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے والے جینز اور ایسے عوامل شامل تھے جو بیکٹیریا کو جدید پولٹری فارمنگ کے حالات میں زندہ رہنے میں مدد دیتے ہیں۔ محققین کے مطابق اینٹی بائیوٹک مزاحمت میں اضافے کے باعث کیمپائلوبیکٹر سے ہونے والے انفیکشن کا علاج بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور تحقیق کے مرکزی مصنف سام شیپرڈ نے کہا کہ نتائج اس بات کا نیا ثبوت فراہم کرتے ہیں کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث ماحول میں آنے والی تبدیلیاں متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں اور اینٹی بائیوٹک مزاحمت کے خطرات کم کرنے کے لیے بیکٹیریا کے ارتقائی عمل کو سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔اس سے قبل آئی نیوس آکسفورڈ انسٹی ٹیوٹ کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ برطانیہ کے علاقے آکسفورڈ شائر میں انسانوں میں کیمپائلوبیکٹر انفیکشن کے 80 فیصد کیسز کا تعلق مرغی کے گوشت سے تھا، جن میں سے کئی جراثیم اینٹی بایوٹک کے خلاف مزاحمت رکھتے تھے۔
پولٹری فارمنگ سے فوڈ پوائزننگ بیکٹیریا میں اضافہ ہو رہا ہے، تحقیق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







