بڑھتی آبادی بڑا چیلنج ،توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ آبادی پر قابو پانے کے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جائے، آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ بہبود آبادی سے متعلق اہم اجلاس میں وزیراعظم نے آبادی میں توازن کو پائیدار قومی ترقی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے نیشنل سٹیبلائزیشن پلان 2026 تا 2035 کی تیاری کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے، بہبود آبادی کے اقدامات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے مؤثر عوامی آگہی مہم کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے اور نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلایا جائے۔اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی، بہبود آبادی اور نیشنل پاپولیشن کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، جس میں تمام صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے اور اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے تاکہ بہبود آبادی کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔ بریفنگ کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ نیشنل سٹیبلائزیشن پلان 2026 تا 2035 تیار کیا جا رہا ہے، جس میں آبادی بڑھنے کی رفتار کم کرنے کے لیے قومی فریم ورک پیش کیا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں