قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

کراچی(شہرنامہ نیوز)بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خود مختار وطن کی نعمت سے سرفراز کرنے والے عظیم قائد کو آج پورا ملک عقیدت و احترام سے یاد کر رہا ہے، آج کا دن غمگین مگر عزم کی تجدید کا دن ہے۔25دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے محمد علی جناحؒ نے اپنی سیاسی بصیرت سے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کا خواب سچ کر دکھایا، شدید علالت کے باوجود انہوں نے دن رات کام کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد کراچی کو ملک کا پہلا دارالحکومت منتخب کیا۔ بانی پاکستان قائد اعظم کی بے مثال قیادت، تدبر اور اصول پسندی کی بدولت دنیا کے نقشے پر پاکستان وجود میں آیا، قیام پاکستان کے محض 13 ماہ بعد 11 ستمبر 1948 کو عظیم قائد 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا دیا ہوا زریں اصول اتحاد، ایمان، اور تنظیم صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ موجودہ دور کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل ہے، آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار پاکستان چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے قائد کے نظریات پر صدقِ دل سے عمل کرنا ہوگا۔بابائے قوم کا پیغام ہمیں اتحاد اور محنت کی ہدایت کرتا ہے تاکہ پاکستان کو ایک باوقار اور مضبوط ریاست بنایا جا سکے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں