ہنگو،ڈیرہ اسماعیل خان (شہرنامہ نیوز) فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے گزشتہ رات خزینہ چیک پوسٹ پر قبضے کی کوشش بنادی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً تین گھنٹے تک دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے باعث حملہ آور اپنے عزائم میں ناکام رہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایلیٹ فورس کا ایک جوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں مطلوب خارجی کمانڈر ہلاک کردیا۔ترجمان نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کو اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ذریعے مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ مطلوب خارجی دہشت گرد خالد عرف کمانڈر ولد سدو زئی عرف الو زئی، سکنہ منیز آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، جو سی ٹی ڈی کے شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دیگر مقدمات میں مطلوب تھا، علاقہ کورائی، حدودِ تھانہ شورکوٹ میں موجود ہے۔مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم نے 18 جولائی 2026 کی علی الصبح ٹانک۔ڈیرہ اسماعیل خان روڈ، کورائی کے مقام پر ایک ٹارگٹڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گرد کو گھیرے میں لے کر متعدد بار ہتھیار ڈالنے کے لیے پکارا گیا اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس نے سرنڈر کرنے کے بجائے سی ٹی ڈی ٹیم پر بے فائرنگ شروع کر دی۔ حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں خارجی خالد عرف کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کامیابیاں، ہنگو میں حملہ ناکام، ڈی آئی خان میں دہشت گرد ہلاک






