ترقی و خوشحالی کیلئے پوری قوم کو قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا: شہباز شریف

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی پراپنے پیغام میں کہا ہےکہ پاکستان کو ترقی یافتہ اورفلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ عظیم رہبرکی بصیرت افروز قیادت اور باشعور سیاسی حکمت عملی کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نےتاریخ کا دھارا موڑکربرصغیرکے مسلمانوں کیلئے آزاد مملکت کی راہ ہموارکی اور مذہبی، تہذیبی اورنظریاتی شناخت کے تخفظ کیلئے متحد ہوکرجدوجہد کا عزم وحوصلہ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے نوزائیدہ مملکت کو درپیش کٹھن انتظامی، مالیاتی مسائل کو مدبرانہ انداز میں سنبھالا، انہوں نے لاکھوں افراد کی نقل مکانی اورنظام حکومت چلانے سمیت تمام چیلنجزکا سامنا کیا، پاکستان کو ترقی یافتہ اورفلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی، فلاح وبہبود پوری قوم کی مشترکہ و اجتماعی کاوشوں سے ممکن ہے، آج کا دن متقاضی ہےکہ ہم بحیثیت قوم قائداعظم کے رہنما اصولوں پرکاربند رہنے کا تجدید عہد کریں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم وضبط سے غیرمتزلزل وابستگی تابناک مستقبل کیلئے مشعلِ راہ ہے، آج ساری قوم بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بلندیِ درجات کیلئے دعاگو ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں