وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آیت نور کے گھر آمد,والد سے ملاقات کے دوران آبدیدہ

ہری پور(شہرنامہ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 5 سالہ بچی آیت نور کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مقتولہ کے والد سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی،حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک بھی دیا۔ اس موقع پرآیت نور کےوالد نےوزیراعلیٰ اوران تمام افرادکا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے،انہوں نےمطالبہ کیاکہ بچی کےقتل میں ملوث ملزمان کو کڑی سےکڑی سزا دی جائے اور اصل مجرم کو سرعام پھانسی دی جائے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نےکہاکہ آیت نور کےغم میں پورے خیبرپختونخوا کےعوام برابر کےشریک ہیں،یہ صرف آپکی بچی نہیں بلکہ ہماری بھی بچی ہے،انہوں نےیقین دلایاکہ حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اور ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔سہیل آفریدی والد سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا، آئندہ یہ کام کرنے سے ملزمان ہزار بار سوچیں گے۔ حکومت کی فل سپورٹ آپ کے ساتھ ہے، کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نےعدالتوں سے بھی درخواست کی کہ کیس میں ملوث ملزمان کو کسی قسم کا ریلیف نہ دیا جائے،چائلڈ پروٹیکشن بل کو آیت نور کے نام سےمنسوب کیا جائےگا،سوات چوک کو بھی متاثرہ بچی آیت نور کے نام سے منسلک کیا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں