جنوبی وزیرستان (شہرنامہ نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا اور کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور سمیت چاروں خوارج ہلاک کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی بارود سے بھری گاڑی تباہ کر دی، دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا اور چیک پوسٹ کو نقصان نہیں پہنچا، سکیورٹی اہلکاروں نے باقی تین خوارج کا تعاقب کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تینوں خوارج قریبی عمارت میں چھپ گئے تھے، آپریشن کے دوران تینوں کو انتہائی مہارت سے ہلاک کر دیا گیا جبکہ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گرد کی خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 خوارج ہلاک
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






