ہری پور(شہرنامہ نیوز) تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبے پر ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کے معاملے کا جائزہ لینے کےلیے واپڈا حکام آج سائٹ کا دورہ کریں گے ۔ جائزے کے بعد انکوائری کا فیصلہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزارت آبی وسائل کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے حکام ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کی سائٹ کا دورہ کریں گے۔ اتھارٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ جائے وقوعہ کے معائنے اور صورتحال کے جائزے کے بعد انکوائری کا فیصلہ ہوگا۔وزارت آبی وسائل کے حکام کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے صورتحال کےجائزےکےبعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے تربیلا کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نےمتعلقہ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ رپورٹ میں واقعےکےاسباب۔ پس منظر اور تمام حقائق پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے واقعے کی وجوہات اوراب تک کےاقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ وزیراعظم کورپورٹ میں نقصانات اور ذمہ داریوں کے تعین سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ تربیلا ڈیم سے مزید اضافی پانی کے اخراج کے پیش نظر دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج150,000 کیوسک سے زائد رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کردی۔تربیلا ڈیم حکام کے مطابق تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کااخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد رہنے کا امکان ہے، تربیلاڈیم سے24گھنٹے تک ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق عوام دریائے سندھ کے کنارے جانے اور نہانے سے گریز کریں، دریا میں تیراکی اور کشتی رانی سے اجتناب کیا جائے، والدین بچوں کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔
تربیلا منصوبے میں ٹنل گرنے کا واقعہ، وزیراعظم کا نوٹس، رپورٹ طلب






