حکومت بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کرے گی: طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پرمن وعن عمل کرے گی۔سینیٹ کا اجلاس مقررہ وقت سے 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت سینیٹر منظور قادر نے بطور پریذائیڈنگ افسر کی۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے، آج پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی جانب سے عدالت کی تعریف بھی کی گئی ہے، ہم یہی کہتے تھے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کا فیصلہ عدالتوں سے ہی ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس کوئی ایسا اختیار نہیں کہ وہ خود جیلوں سے لوگوں کو رہا کروائیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عدلیہ اگر فیصلہ آپ کے حق میں دے تو پھر ٹھیک ہے، اگر نہ دے تو یہ تنقید کرتے ہیں، عدالتیں ہی اصل راستہ ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ عدالتوں میں جائیں، انہوں نے 27 ستمبر کو پھر ایک احتجاج کا اعلان کررکھا ہے، احتجاج ان کا حق ہے لیکن ان کا پرامن احتجاج بعد میں پرتشدد ہوجاتا ہے، یہ معاملات سڑکوں پر حل نہیں ہوں گے، تشدد کا راستہ آپ کو کسی طرف نہیں لے کر جائے گا۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے پر سینیٹرز کسی بھی جماعت سے ہوں اپنا موقف پیش کریں، بلوچستان میں آپریشن کا کسی کو شوق نہیں ہے، بلوچستان میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وہاں پر بہادری کی داستانیں رقم کررہے ہیں، بی ایل اے اور دہشتگردوں کو بھارت وسائل مہیا کررہا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں