پاکستان الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی میں عالمی دوڑ کا حصہ بنے گا،ہارون اختر خان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کے انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے بین الاقوامی تجارت مسٹر جارنو سریالا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی جامع ریگولیٹری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ، سرخ فیتے کی پیچیدگیوں میں کمی اور کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ماہی گیری جیسے چھوٹے کاروبار کے لیے بھی 27 مختلف لائسنس حاصل کرنا پڑتے تھے، جس سے کاروباری افراد کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے پیچیدہ طریقہ کار کے حامل ماحول میں کاروبار کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ضروری لائسنسنگ کی شرائط ختم کرنے اور ضابطہ جاتی طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور قیادت میں حکومت نے متعدد اہم پالیسی اقدامات متعارف کرائے ہیں، جن میں نیشنل انڈسٹریل پالیسی، نیشنل ٹیرف پالیسی، نیو انرجی وہیکل پالیسی اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔ ان کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو تبدیل کرنا، مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانا اور ملک کو پائیدار معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حاصل ہونے والا استحکام صنعتی توسیع اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان صنعتی تبدیلی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور ہماری توجہ ایک مسابقتی، ٹیکنالوجی پر مبنی اور برآمدات کے فروغ سے ہم آہنگ صنعتی بنیاد کی تشکیل پر مرکوز ہے۔الیکٹرک موبلٹی کی جانب عالمی منتقلی کا ذکر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں اب محض مستقبل کی ٹیکنالوجی نہیں رہیں بلکہ موجودہ دور کی حقیقت بن چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس عالمی تبدیلی میں پیچھے نہیں رہے گا اور وزیراعظم کے وژن کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور ضروری چارجنگ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مشیرِ وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی، بیٹری انرجی اسٹوریج اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں فن لینڈ کے ساتھ تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے فن لینڈ کی کمپنیوں کو پاکستان کے الیکٹرک وہیکل ایکو سسٹم، بیٹری مینوفیکچرنگ اور جدید صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
پاکستان میں فن لینڈ کی موجودہ کاروباری اور سرمایہ کاری کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے فن لینڈ کے سرمایہ کاری فنڈ فن فنڈ (Finnfund)، یعنی فن لینڈ فنڈ فار انڈسٹریل کوآپریشن، کی جانب سے اپریل 2022 میں ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ میں 30 لاکھ امریکی ڈالر کی ایکویٹی سرمایہ کاری کو سراہا۔ اس سرمایہ کاری سے ڈیجیٹل، فصلوں اور لائیو اسٹاک انشورنس سمیت انشورنس خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فن لینڈ کے سرمایہ کاروں کے لیے انشورنس، فن ٹیک، قابلِ تجدید توانائی، کان کنی، ٹیلی کمیونیکیشن، صحت، تعلیم، آبی انتظام اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے فن لینڈ کی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقامی شراکت داری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، بعد از فروخت خدمات اور فنی مہارتوں کی ترقی کے اقدامات کو مزید وسعت دیں۔فن لینڈ کی کمپنیوں نوکیا، وارٹسلا، میٹسو اور ویسالا سمیت دیگر اداروں کی پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم نے ان کی موجودگی کا خیرمقدم کیا اور ان کمپنیوں کے ساتھ صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں