ڈی جی سپورٹس بورڈ یاور حسین کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات کیے جانے کا امکان

اسلام آباد(راجہ جاوید اختر سے) ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاور حسین کو چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔مصدقہ ذرائع کے مطابق یاور حسین کی ممکنہ تعیناتی کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے لیے صوبائی طرز پر تشکیل دیے جانے والے مجوزہ انتظامی یونٹ میں انہیں گورنر شپ کی ذمہ داریاں بھی سونپے جانے پر غور کیا جا رہا ہے،
ذرائع کا کہنا ہے کہ یاور حسین کی سی ڈی اے میں تعیناتی کی صورت میں پاکستان سپورٹس بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے دو ریٹائرڈ جنرلز کے نام زیر غور ہیں، جن میں سے ایک کو یہ ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔یاور حسین گریڈ 21 کے نسبتاً نوجوان افسر شمار ہوتے ہیں اور انہیں اسلام آباد کی انتظامی مشینری میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ ماضی میں اسلام آباد انتظامیہ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، امیگریشن اور دیگر اہم سرکاری اداروں میں مختلف کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں