بارانی زرعی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس ویک 2026 کا افتتاح،حنیف عباسی سمیت بین الاقوامی سفارت کاروں کی شرکت

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں ایک ہفتہ پر مشتمل ’’سٹوڈنٹس ویک 2026‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ 23 سے 29 نومبر تک جاری رہنے والے اس ہفتہ وار پروگرامز میں علمی، فکری، ادبی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سمیت مختلف سیمینارز، ورکشاپس، نمائشوں، گالاز اور طلباء کے مابین مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد طلباء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، تخلیقی سوچ کو فروغ دینے اور علمی و پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلباء کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں، تخلیقی استعداد اور پوشیدہ ٹیلنٹ کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی، اپ گریڈیشن اور طلباء کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کا بھی اعلان کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے معزز مہمانوں اور شرکاء کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلباء کی مشترکہ اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اخلاقی، تربیتی اور تعلیمی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلباء میں خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتوں، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد طلباء کو نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کرنا بلکہ انہیں ایک ذمہ دار، باصلاحیت اور متحرک شہری بنانا بھی ہے۔
افتتاحی روز کی سرگرمیوں میں بین الاقوامی سفارت کاروں نے بھی خصوصی شرکت کی، جن میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر جناب عرفان داوودوف اور وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا شامل تھے۔ دونوں معزز سفیروں نے مختلف سیمینارز میں شرکت کی اور جامعہ کی علمی و تحقیقی برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔سٹوڈنٹس ویک کے پہلے روز کی تقریبات کے سلسلے میں ایک خصوصی محفلِ قرأت و نعت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس روح پرور محفل میں ممتاز قراء اور نعت خواں حضرات نے شرکت کی، جن میں عالمی شہرت یافتہ نعت خواں پروفیسر عبدالرؤف روفی (ستارہ امتیاز) بھی شامل تھے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں