راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش ، شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوتے ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ اس کے علاوہ لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات نے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، نوشہرہ، باجوڑ، ہنگو، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، ملتان، جھنگ، بھکر، میانوالی، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا مطلع ابرآلود رہنے کے باعث موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوب مغرب سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 74 فیصد ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں