فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایرانی صدر ملاقات انتہائی مثبت رہی، محسن نقوی

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کے درمیان انتہائی مثبت ملاقات ہوئی ہے۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت اور ایرانی صدر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا تنازع سمیت مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ دونوں جانب سے ایران امریکا تنازع کے حل، آئندہ کے لائحہ عمل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر اہم مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس حوالے سے امید ظاہر کی گئی کہ اسلام آباد ایم او یو کی بحالی تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے ملاقات کے دوران اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جس پر مثبت اور تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر پیش رفت بھی سامنے آئی، جبکہ باہمی رابطوں اور مشاورت کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ، جس سے خطے میں پائیدار امن کے لیے امید پیدا ہوئی ہے۔ ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں