وزیراعظم کی مارچ مؤخر کرنے کی درخواست ،لیوی بھتے کے خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے، حافظ نعیم

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جماعت اسلامی سے عوامی مطالبات کے لیے جاری لانگ مارچ کو چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی۔وزیراعظم نے حافظ نعیم الرحمان کو بتایا کہ حکومت نے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے اور وطن واپس پہنچتے ہی ان سے ملاقات کرکے عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم سے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ اعلان کیا گیا ریلیف پیکیج کسی صورت قابل قبول نہیں اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے لیوی بھتے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور لیوی بھتے کے خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوگی۔حافظ نعیم الرحمان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ لانگ مارچ میں چند روز کا وقفہ دینے کی ان کی درخواست پر جماعت کی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں