اسلام آباد( شہرنامہ نیوز ) ہوسٹل سٹی میں بجلی کی ترسیل کا ناقص نظام شہریوں کیلئے شدید مشکلات اور خطرات کا باعث بن گیا ہے۔ علاقے میں جگہ جگہ لٹکتی ہوئی بجلی کی تاریں، خستہ حال کھمبے اور آئے روز ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جس کے باعث شہری شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔آج بھی یہاں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا جس کی وجہ بجلی کی ٹوٹی پھوٹی اور لٹکتی تاریں بتائی جاتی ہے مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔ گنجان آبادی والے علاقوں میں زمین کے قریب لٹکتی تاریں کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں جبکہ بارش یا تیز ہوا کی صورت میں خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔شہریوں کے مطابق بجلی کی بار بار بندش اور ٹرانسفارمرز کے جلنے سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔خاض کر یہاں ہوسٹل سٹی میں بڑی تعداد میں رہائش پذیر طلبا کی پڑھائی بھی متاثر ہوتی ہے انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی کے نظام کی بہتری، خستہ تاروں کی تبدیلی اور اضافی ٹرانسفارمرز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہوسٹل سٹی اسلام آباد میں واپڈا کا ناکارہ نظام شہریوں کیلئے دردِ سر بن گیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







