راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 15 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کا سراغ لگایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خوارج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔ اس کارروائی کا سلسلہ 36 گھنٹے تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 خوارج ہلاک کردیے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کیے گئے کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والا سامان خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مزید بے نقاب کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج اور ان کے سہولت کار ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ سرکاریخدمات اور معلومات تک رسائیبیان کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے میں مسلسل ناکامی سامنے آئی ہے، جبکہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف ہے کہ افغان سرزمین کا سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال روکا جانا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر بدستور قائم اور پرعزم ہیں۔ علاقے میں مزید ممکنہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام،15 خوارج ہلاک
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







