آزاد کشمیر انتخابات ،،مظفرآباد ڈویژن اور 12 مہاجر نشستوں پر پولنگ کل ہوگی

مظفرآباد (شہرنامہ نیوز)آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم ختم ہوگئی، مظفر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع اور 12 مہاجر نشستوں پر پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 2026 کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور ضلع جہلم ویلی کے 9 حلقوں میں پولنگ اتوار کو ہوگی۔ مظفرآباد ڈویژن کے3 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 اور خواتین ووٹرز کی تعداد3 لاکھ 81 ہزار 6 سو 66 ہے۔ مظفرآباد ڈویژن بھر میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں مہاجرین کی 12نشستوں کے لیے پولنگ بھی 2 اگست کو ہوگی۔ جموں اور ویلی کی 6،6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جموں کی 6 نشستیں ایل اے 34جموں 1 سے ایل اے 39جموں 6 تک جبکہ ویلی کی6 نشستیں ایل اے 40 ویلی 1سے ایل اے 45ویلی 6 تک مشتمل ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کی ہدایت یا ڈکٹیشن پر کام نہیں کرتا ، الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختار ادارہ ہے ، ہارنے والے اکثر دھاندلی کا الزام لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں عوام ووٹ پول کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں ، عوام روٹھ کر بیٹھ جائیں گے تو پھر مسئلہ جلسے جلوس اور احتجاج سے حل نہیں ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا مشکل ترین انتخاب ہے ، اگر حالات ایسے ہی رہتے ہیں تو راولا کوٹ کے انتخابات آگے پیچھے ہوسکتے ہیں ۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں