کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کشمیر کے عوام خود کریں’، بلاول بھٹو کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کی حکومت اور کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کشمیر کے عوام خود کریں۔ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے عوام کے حق حاکمیت کے حوالے سے جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں کشمیر کے عوام کو وہی حقوق دلوانا چاہتا ہوں، جو ہر پاکستانی شہری کو حاصل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقوق میں سب سے پہلا حق ہے حاکمیت،آپ کا ووٹ، آپ کا فیصلہ، جس کے حق میں ووٹ ڈالیں، نتیجہ بھی اسی کے حق میں نکلے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے جن اداروں میں کشمیر کے پانی، بجلی اور بجٹ کے فیصلے ہوتے ہیں، وہاں کشمیر کی اپنی کرسی اور اپنی آواز ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 اگست کو حقِ حاکمیت کے لیے تیر پر مہر لگائیں کیونکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کرے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں، وہ قوم کا فخر ہیں،شہید فوجیوں اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہر قربانی کا احترام اور شہداکے لواحقین کو انصاف ملے گا، جو اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر رہے ہیں ان کی عزت ہماری ذمہ داری ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں