براڈ پیک پربرفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما لاپتا، 4 کی لاشیں مل گئیں،سرچ آپریشن جاری

سکردو (شہرنامہ نیوز)گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں دنیا کی 12 ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے لاپتہ ہونے والے 10کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشیں مل گئیں،دیگر لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ الپائن کلب پاکستان کےمطابق کوہ پیما 8,047 میٹر بلند براڈ پیک سر کرنے کی مہم پر تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آگئے،جس کے بعد ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ حکام کےمطابق سرچ ٹیم کی قیادت معروف پاکستانی کوہ پیما سربازخان کررہے ہیں،جبکہ لاپتا ٹیم میں امریکی، نیپالی، عمانی اور پاکستانی کوہ پیما شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں دشوار گزارعلاقےمیں لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش میں مصروف ہیں،تاہم خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹرز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی پورٹرز، رضاکار، ٹورسٹ پولیس، ریسکیو 1122، ضلعی پولیس اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ کلب کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل ہیں۔الپائن کلب کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ حکام اور اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، موسم اور آپریشنل صورتحال کے مطابق ریسکیو کارروائی جاری رکھی جائے گی اور مزید مصدقہ معلومات موصول ہوتے ہی جاری کی جائیں گی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں