احمد پور شرقیہ(شہرنامہ نیوز) دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر سیلابی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی جس پر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ پنجند پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 809 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 30 ہزار 559 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔دوسری جانب بیٹ احمد، چک کہل، بیٹ بھٹو اور دیگر نشیبی علاقوں کے مکینوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ امدادی ادارے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دریائے چناب بپھرنے لگا، پانی کی سطح بلند ،قریبی آبادی کو فوری انخلا کی ہدایات
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






