پشاور (شہرنامہ نیوز)خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے میں ایک شخص لاپتہ جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ چند روز قبل کالام ویلی کے علاقے مٹلتان میں پیش آیا تھا جس کی اطلاع اس وقت ملی جب متاثرہ افراد واپس مرکزی بازار پہنچے۔ لاپتہ شخص کی شناخت سید علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو خوازہ خیلہ کے رہائشی تھے۔ ساتھیوں کے مطابق ان کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے، تاہم لاش تاحال نہیں مل سکی۔ دیگر تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور وہ محفوظ ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے اور مزید تصدیق شدہ معلومات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقے گلیشیئر پھٹنے اور گلیشیائی جھیلوں کے اچانک بہاؤ (GLOF) جیسے واقعات کے لیے حساس ہیں، جن میں موسمیاتی تبدیلی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت برف اور گلیشیئر پگھلنے کے واقعات میں اضافے کی وجہ بن سکتا ہے، جس سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں 13 ہزار سے زائد گلیشیئر موجود ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد موسمیاتی تبدیلی کے باعث تیزی سے سکڑ رہی ہے، جس سے مستقبل میں گلیشیئر پھٹنے کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
گلیشیئر پھٹنے سے کالام متاثر، ایک شخص کے جاں بحق ہونے کا خدشہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






