اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 5 ہزار 600 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ ، 24 ہزار 136 روپے ہو گئی۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 801 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 628 ہو گئی۔ اس کے علاوہ فی تولہ چاندی کی قیمت 50 روپے کم ہو کر 6289 روپے پر آ گئی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 56 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 17 ڈالر کا ہو گیا۔ ایک دن مہنگا ہونے کےبعد سونا آج پھر سستا ہوگیا مقامی مارکیٹ میں گزشتہ روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 800 روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ 29 ہزار 736 روپے ہو گئی تھی جبکہ 10 گرام سونا 3 ہزار 258 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 68 ہزار 429 روپے پر آ گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت، امریکی ڈالر کی قدر، بین الاقوامی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے رجحانات ہوتے ہیں۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں معمولی تبدیلی بھی مقامی مارکیٹ پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے بعد خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے، خصوصاً وہ افراد جو شادیوں یا سرمایہ کاری کے لیے سونا خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ قیمتیں نسبتاً بہتر سمجھی جا رہی ہیں۔
بین الاقوامی بدلتی معاشی صورتحال ، سونے کی قیمت میں کمی، فی تولہ 5600 روپے سستا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







