پاکستان میں گوگل کے پہلے مقامی دفتر کا قیام، طلبہ کیلئے بڑا اعلان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) پاکستان میں اپنے پہلے مقامی دفتر کے قیام کے ساتھ گوگل نے طلبہ کیلئے بھی بڑا اعلان کر دیا۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی پاکستان کے تمام طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن مفت فراہم کرے گی۔ اس سہولت کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ ولسن وائٹ کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں گوگل نے پاکستان میں مقامی کاروباروں اور گھرانوں کیلئے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا جبکہ اس کے ایکو سسٹم نے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیا۔ گوگل کے نائب صدر نے پاکستان میں کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تو صرف ابتدا ہے۔‘‘ تقریب کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوگل کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں